لاہور: صحافیوں کی تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں سے متعلق کیس میں چیف جسٹس نے میڈیا مالکان کو جمعرات دوپہر 2 بجے تک اپریل اورمئی کی تنخواہیں ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں صحافیوں کی تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔ اس موقع پرتنخواہیں ادا نہ کرنے پر لاہورپوسٹ کے چیف ایڈیٹراورمنیجر کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا گیا۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ میڈیا مالکان جمعرات دوپہر2 بجے تک اپریل اور مئی کی تنخواہیں ادا کردیں ورنہ سخت کارروائی کروں گا، جو صحافی کام کرتے ہیں تنخواہیں ان کا بنیادی حق ہے لہٰذا کل 2 بجے تک اپریل اور مئی کی تنخوائیں صحافیوں کو مل جانا چاہئیں۔
گزشتہ سماعت پرعدالت نے تنخواہیں نہ دینے والے میڈیا مالکان کو کل طلب کرتے ہوئے میڈیا اداروں سے نکالے گئے صحافیوں کی برطرفیاں بھی معطل کردی تھیں ۔ چیف جسٹس پاکستان نے عدالتی حکم کے باوجود تنخواہیں نہ دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میڈیا مالکان ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر وضاحت کریں، سپریم کورٹ نے بول ٹی وی، جیو نیوز، سیون نیوز، وقت، اب تک ٹی وی، اے آر وائی، رائل ٹی وی، جنگ، نوائے وقت اور نئی بات سمیت تنخواہیں ادا نہ کرنے والے دیگر میڈیا مالکان کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔