نگران حکومت نے چاروں صوبوں کےچیف سیکریٹری اورآئی جی تبدیل کردیئے

عام انتخابات2018 سے قبل بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلوں میں چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز کو تبدیل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ سطح پر ان تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اکبر درانی چیف سیکریٹری پنجاب ہوں گے جب کہ اعظم سلیمان خان چیف سیکریٹری سندھ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔
خیبر پختونخوا کے لیے نوٹیفکیشن کے مطابق نوید کامران بلوچ کو چیف سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے جب کہ بلوچستان کے چیف سیکریٹری اختر نذیر ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کی درخواست پر نگراں وزیراعظم نے چاروں صوبوں کے آئی جیز بھی تبدیل کردیئے ہیں، تبدیلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کلیم امام کو آئی جی پنجاب مقرر کردیا گیا ہے جب کہ امجد جاوید سلیمی کو آئی جی سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے لیے نئے انسپکٹر جنرل محمد طاہر ہوں گے جب کہ محسن حسن بٹ آئی جی بلوچستان کی حیثیت سے انتخابات کے دوران خدمات انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ نئے چیف سیکریٹریز اور پولیس چیفس الیکشن کمیشن کی طرف سے منعقد ہونے والے کل کے اجلاس میں شرکت کریں گے، اس اہم اجلاس میں انتخابات کے لیے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔