عورت کی حکمرانی کےمخالف نوازشریف نےبیٹی کوملک کی کمان سونپ دی،نثار

راولپنڈی: سابق وزیرِداخلہ اورمسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثارکا کہنا ہے کہ ماضی میں نوازشریف کو ایک عورت اقتدار کے منصب پر قبول نہ تھی لیکن آج اپنی صاحبزادی کو پاکستان کی کمان سونپ دی۔

راولپنڈی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرِداخلہ کا کہنا تھا کہ مریم نوازاس ذمہ داری کے قابل نہیں جوانہیں سونپی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1988 میں نوازشریف کو خاتون ہونے کی وجہ سے بینظیربھٹو کی حکمرانی قبول نہیں تھی لیکن آج انہوں نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی کمان اپنی بیٹی کو سونپ دی۔

چوہدری نثارکا کنا تھا کہ انکے مخالف آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کا ایسا امیدوار سامنے آرہا ہے جس نے علاقے میں کوئی کام کرکے نہیں دکھایا۔

چوہدری نثارنے بتایا کہ وہ 18 جون باقاعدہ طورپرجلسے سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔

یاد رہے کہ چوہدری نثاراورمسلم لیگ (ن) کی راہیں جدا ہونے کی متضاد اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں جبکہ انہیں پارٹی کی جانب سے آئندہ انتخابات کے لیے ٹکٹ بھی نہیں دیا گیا ۔

11 جون کو سابق وزیرِ داخلہ چوہدری نثار نے آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ چوہدری نثار 2 قومی اورپنجاب کی 2 صوبائی نشستوں کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں۔