عمران خان کو عمرہ واپسی پر گھر پہنچتے ہی احتجاج کا سامنا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو عمرہ سے واپسی پر گھر پہنچتے ہی احتجاج کا سامنا کرنا پڑا، مظاہرین نے ٹکٹوں کی غیرمنصافانہ تقسیم پر احتجاج کیا۔
مظاہرین نے عمران خان کے پہنچتے ہی گاڑی روک لی اور نظریاتی کارکنان کو عزت دو کے نعرے لگائے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک ٹکٹ نہ ملا بنی گالا دھرنا جاری رہے گا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے مظاہرین کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، کپتان کی یقین دہانی پر انہیں بنی گالا اندر جانے دیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات میں امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کے لیے جہانگیر ترین کی سربراہی میں بورڈ تشکیل دیا تھا۔ تاہم اس بورڈ پر من پسند اور غیر نظریاتی امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کے الزامات عائد کیے گئے۔ پی ٹی آئی کارکنان اور ٹکٹ سے محروم رہنے والے امیدوار نے کئی روز سے عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاجی دھرنا دیا ہوا ہے۔