مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی سے مزید دو نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارتی فورسز نے مزید 2 کشمیریوں کو شہید کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ظلم و بربریت کا سلسلہ نہ رک سکا، باندی پورہ میں بھارتی فورسز نے مزید 2 کشمیریوں کو شہید کردیا ہے۔
کشمیری میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کو سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا جبکہ باندی پورہ اور قریبی علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند ہے۔
عیدالفطر کے پہلے روز بھی بھارتی فورسز نے فائرنگ کرکے دو کشمیریوں کو شہید کردیا تھا، دونوں نوجوانوں کو سرچ آپریشن کے بہانے گھر سے لے جایا گیا تھا۔
واضح رہے گزشتہ روز بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کشمیر میں ماہ رمضان کے دوران نام نہاد فائر بندی کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے بھارتی فوج کو پیش قدمی کا حکم دیا تھا۔ اس وقت بھی کشمیر کے ضلع اسلام آباد کے مختلف گاؤں میں سرچ آپریشن جاری ہے جہاں داخلی اور خارجی راستوں پر فوج تعینات ہے۔