کراچی: عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال، منظوری اور مسترد ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے کاغذات نامزدگی لاہور کے حلقے این اے 125 سے منظور کرلئے گئے ہیں۔
ریٹرننگ آفیسرآصف بشیر نے تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کی جانب سے مریم نواز کے خلاف تمام 21 اعتراضات مسترد کردیئے ہیں۔
این اے 125 لاہور میں مریم نوازکا مقابلہ تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد سے ہوگا جو اس سے قبل نوازشریف کے خلاف بھی الیکشن لڑچکی ہیں۔
این اے 125 سے پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوگئے ہیں۔
این اے 108 فیصل آباد سے مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیرعلی کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوگئے ہیں۔
این اے 243 کراچی سے پیپلزپارٹی کی شہلا رضا کے کاغذات بھی منظور ہوگئے ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عبدالرؤف صدیقی اورکامران ٹیسوری کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلئے گئے ہیں۔
نوابشاہ سے این اے 213 پر سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف فلک شیراوڈھ نے اعتراض جمع کرایا ہے۔ درخواست نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے کرپشن کی ہے اور زمینوں پرٹیکس جمع نہیں کرایا۔ تاہم بعد میں یہ کہہ کر اپنا اعتراض واپس لے لیا کہ انھوں نے غلط فہمی کی بنا پر اعتراض داخل کیا تھا ۔
این اے 53 اسلام آباد سے عائشہ گلالئی کے کاغذات نامزدگی چیلنج کر
دیئے گئے۔
درخواست گزار مخدوم نیازانقلابی نے عائشہ گلالئی پراٹھائے گئے اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ عائشہ گلالئی آرٹیکل 62، 63 پر پورا نہیں اترتیں۔ عائشہ گلالئی حلقے کے عوام کے مفادات میں الیکشن نہیں لڑ رہیں۔عائشہ گلالئی پرعمران خان پرنازیبا اورغیراخلاقی میسجز کا ثبوت فراہم نہ کرنے کا اعتراض بھی اٹھایا گیا ہے۔ عائشہ گلالئی نے عمران خان کے خلاف الزامات پر کوئی ایف آئی آر بھی درج نہیں کرائی، وہ خود کوبے گناہ ثابت کرنے کے لیے عوام کو میسجز کا ریکارڈ فراہم کریں۔
ریٹرننگ آفیسر نے اعتراض کنندہ اور عائشہ گلالئی کو ایک ساتھ طلب کر لیا جس پرعائشہ گلالئی نے اعتراضات پر تحریری جواب جمع کرادیا ہے۔
عائشہ گلالئی کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ ان پرعائد اعتراضات پرپارلیمنٹ میں کمیٹی بنی تھی، وہ کمیٹی میں پیش ہوتی رہیں مگر عمران خان پیش نہ ہوئے۔
جی ڈی اے کی رہنما اورسابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے کاغذات این اے 230 بدین ٹو سے منظور کرلئے گئے ہیں، پی ایس 73 بدین سے فیمیدہ مرزا کے بیٹے حسام کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوگئے ہیں جبکہ بدین ہی کے حلقے این اے 230 ٹو پر پی پی کے امیدوار رسول بخش چانڈیو کے کاغذات منظور ہوگئے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا وقت کل شام تک ہے اوروقت بڑھانے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں۔