بھارت نے تحریک آزادی دبانے میں ناکامی پر گورنر راج لگایا-حافظ سعید

 

لاہور:امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج نافذ کئے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج کشمیر میں بری طرح شکست سے دوچار ہو چکی ہے،گورنر راج کے نفاذ سے بھی بی جے پی سرکار کشمیریوں کی تحریک آزادی کچلنے میں کامیاب نہیں ہو سکتی، بھارتی آرمی چیف ایک طرف دنیا کو دھوکہ دینے کیلئے کشمیری قیادت سے مذاکرات کی باتیں کر رہے ہیں اور دوسری جانب روزانہ نہتے کشمیریوں کا خون بہایا جارہا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ8 لاکھ بھارتی فوج بدترین ظلم و بربریت کے ذریعہ کشمیریوں کی نسل کشی کا ارتکاب کر رہی ہے،برہان وانی کی شہادت کے بعد پیلٹ گن جیسے مہلک ہتھیاروں سے ہزاروں کشمیریو ں کی بینائی چھین لی گئی،ان کی املاک اور پھلوں کے باغات تباہ کر دیئے گئے،کشمیری خواتین کی بے حرمتی کی جاتی رہی لیکن ا س سب کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت میں کوئی کمی نہیں آئی یہی وجہ ہے کہ بھارتی آرمی چیف بپن راوت کہنے پر مجبور ہیں کہ ہم جتنے کشمیری شہید کرتے ہیں اس سے زیادہ میدان میں بھارتی فورسز کیخلاف برسرپیکا ر ہو جاتے ہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ بھارت نے تحریک آزادی دبانے میں ناکامی پر مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج لگایا،آنے والے دنوں میں کشمیریوں کی قتل و غارت گری اور افسپا جیسے کالے قوانین کے ذریعہ مظلوم کشمیریوں کو جیلوں میں ڈالنے کی خوفناک منصوبہ بندیاں کی جارہی ہیں،اقوام متحدہ کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد گورنر راج لگانے سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت سرکار کو بین الاقوامی دنیا کی کوئی پرواہ نہیں اور وہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مسئلہ کشمیر خود یو این لیکر گیا اور اقوام متحدہ نے اس سلسلہ میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دیئے جانے کے حوالہ سے کئی قراردادیں پاس کر رکھی ہیں ،اس لئے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لیں اور بھارت سرکار کا کشمیر پر سے غاصبانہ قبضہ ختم کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔