زعیم قادری کا اعلان بغاوت ،آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما زعیم قادری نے آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان کرتےہوئے کہاکہ ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے عملی سیاست کا آغاز کیا،میرے خون میں مسلم لیگ تھی ہے اور رہے گی،8 برس نوازشریف کا ترجمان رہا،2002 کے الیکشن میں کلثوم نواز اور نواز شریف کا کورنگ امیدوار تھا۔
زعیم قادری نے کہا کہ مجھے شہباز شریف نے 2008 کے اوائل میں فون کرکے کہا کہ سیکرٹری جنرل کا عہدہ چھوڑ دو، میں نے حکم کی تعمیل کی، ناپسند ہونے کی وجہ سے میری خدمت اور قربانی کو فراموش کرکے تبدیل کردیا گیا اور عہدوں سے ہٹادیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ میری جگہ کچھ اورلوگوں کوآگے کردیا گیا،اس کےخلاف ایک لفظ نہیں بولا،لیکن میں حمزہ شہبازکے بوٹ پالش نہیں کرسکتا،زعیم قادری نے حمزہ شہباز کو مخاتب کرتےہوئے کہاکہ حمزہ شہباز سن لو لاہور تمہاری اور تمہارے باپ کی جاگیر نہیں، میں تمہیں سیاست کرکے دکھاؤں گا۔
زعیم قادری کا کہناتھا کہ حمزہ شہباز پنجاب میں جو تم نے اپنے نوکروں کا یونٹ بنایاہے ، وہ آ کرالیکشن لڑیں، الیکشن کی بات نہیں ہے ، میراصبر کا پیمانہ لبریز ہوا ہے ، میں یہ بھی بتاؤں گا کہ دس سال میرا کیا حال تھا ،گھٹیا بات نہیں کروں اور ذاتیات پر نہیں آؤں گا لیکن اگر کسی تمہارے آدمی نے کوئی ایک لفظ بھی بولا تو پھر جو جواب میری طرف سے آئے گا اور اس کا انتظار کرنے کی ضرورت کسی کو نہیں پڑے گی ۔
انہوں نے کہاکہ میں آزاد حیثیت سے 133 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتاہوں ،میرے ساتھ پی پی 167 میں سید عمرا ن علی ایم پی اے کے امیدوار ہوں گے ، میں حلقہ جیت کر ضرور دکھاؤں گا۔