حمزہ شہباز کے نوکر کے نیچے صوبائی الیکشن نہیں لڑسکتا-زعیم قادری

 

لاہور:مسلم لیگ ن کے ناراض رہنما زعیم قادری نے کہا ہے کہ این اے 133میں حمزہ شہباز کے نوکر کو ٹکٹ دیا گیا، میری ذمہ داری نوازشریف کی تھی جو انہوں نے پوری نہیں کی ، میں نے نواز شریف کے لئے جیلیں برداشت کی تھیں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیلئے نہیں ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے زعیم قادری نے کہا ہے کہ سہیل وڑائچ نے غلط بات بتائی ہے جو شخص اپنے لیڈر کیلئے لوگوں سے لڑ پڑے وہ ایسی حرکت نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ قیادت مجھے بتا دیتی کہ وہ اس وجہ سے ناراض ہیں تو میں کلیئر کردیتا ۔ انہوں نے کہا کہ میری جیلیں اور ان کا ڈھول باندھ کر گلی گلی پھرنااور ان کیلئے ماریں کھانا کیا اتنا بھی استحقاق نہیں رکھتا تھا کہ مجھے بتا دیتے کہ مسئلہ کیا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ ٹکٹ کا کوئی مسئلہ نہیں تھا بلکہ این اے 133میں جس وحید عالم کو ٹکٹ مل رہا ہے میں ان کے نیچےالیکشن نہیں لڑ سکتا کیونکہ ان کی پارٹی کیلئے کوئی خدمات نہیں ہیں بلکہ وہ حمزہ شہباز کا نوکر ہے ۔ اس لئے میں اس کے نیچے الیکشن نہیں لڑ سکتا ۔ وحید عالم نے 5 برس حلقے میں کچھ نہیں کیا اور نہ ہی دفتر کھولا اس لئے لوگ نہیں مانتے اور میں لوگوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔ زعیم قادری نے کہا کہ میں کسی کی ذات پر بات نہیں کروں گا ،میں نے اپنی سیاست کرنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ علیم خان کی جانب سے تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دینے پر ان کا مشکور ہوں کہ اتنا کچھ ہونے کے باوجود مجھ کو اتنی عزت دی ہے لیکن میں اپنے موقف پر قائم ہوںاور آزاد حیثیت سے الیکشن لڑوں گا ۔ مسلم لیگ ن میں صرف حمزہ شہباز کی چلتی ہے اور کسی کی نہیں چلتی ۔ چودھری نثار کو مریم نواز کی چلتی لگتی ہوگی مگرمیں اپنی بات پر قائم ہوں ۔زعیم قادری نے کہا کہ میں نے نواز شریف کے لئے جدوجہد کی ہے نہ کہ شہباز شریف یا حمزہ شہباز کیلئے ۔ میری ذمہ داری نواز شریف کی تھی جو انہوں نے پوری نہیں کی ۔ میں نے شہباز شریف سے 180بار اور نواز شریف سے ساڑھے3 ہزار بار شکایت کی کہ مجھے حمزہ شہباز سے شکایت ہے لیکن میری ان تک رسائی نہیں تھی ۔ اب مجھے یقین ہے کہ وہ مجھے نہیں بلائیں گے ۔