ایاز صادق، خورشید شاہ، علیم خان و دیگر کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آ گئیں

عام انتخابات 2018سے قبل سابق اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق ،سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ،سابق وزیر دفاع خرم دستگیر، سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ،کیپٹن (ر) صفدراور پی ٹی آئی کے رہنما علیم خان کے اثاثوں کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔

ایا زصادق کے اثاثاجات کی تفصیلات
سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق ایاز صادق کے اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ 47 لاکھ 95 ہزار 914 روپے ہے جب کہ گزشتہ مالی سال تک اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ 23 لاکھ 39 ہزار 280 روپے تھی۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ایاز صادق کے 3 گھروں کی مالیت 3 کروڑ 66 لاکھ 99 ہزار 682 روپے ہے۔
ایازصادق نے قومی اسمبلی کی تنخواہ اور جائیداد کے کرائے کو ذرائع آمدن میں ظاہر کیا ہے اور دستاویز کے مطابق قومی اسمبلی سے 2014 سے 2017 تک 63 لاکھ 99 ہزار 370 روپےآمدن ہوئی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کے 3 بینک اکاؤنٹس میں 2 لاکھ57 ہزار 23 روپے ہیں۔
دستاویز کے مطابق ایازصادق کی بیوی کے نام 2 گھروں کی مالیت 2 کروڑ 68 لاکھ 12 ہزار170 روپےہے جب کہ ان کی اہلیہ کے نام جڑانوالہ میں 47.3 ایکڑ کی وراثتی جائیداد اور 10 کنال زمین فتح جنگ اٹک میں بھی ہے۔
دستاویز میں ایاز صادق اور ان کی اہلیہ کے نام حصص کی مالیت 57 لاکھ 95 ہزار 361 روپے ہے جب کہ ان کی اہلیہ کے 6 بینک اکاؤنٹس میں 1کروڑ 40 لاکھ روپے ہیں۔
دستاویز کے مطابق ایاز صادق کی اہلیہ کے نام فرنیچر کی مالیت میں 80 ہزار روپے ہیں اور ان کے پاس 40 تولے متفرق زیورات کی مالیت 80 ہزار روپے ہے۔
دستاویزات میں ایاز صادق کی اہلیہ نے عدنان نامی شخص کو 1 کروڑ 30 لاکھ روپے قرض دیا ہوا ہے۔

خورشید شاہ کے اثاثاجات کی تفصیلات
خورشید شاہ کے اثاثو ں کی دستاویزات کے مطابق خورشید شاہ کے مجموعی اثاثے 3کروڑ،59 لاکھ، 15ہزار 359 روپے کے ہیں، ان کے پاس ریجنٹ کے علاقے میں 3 لاکھ 10 ہزار روپے کا گھر ہے جب کہ وہ میمن سوسائٹی میں 20 لاکھ روپے مالیت کے پلاٹ کے مالک بھی ہیں۔
خورشید شاہ نے دستاویزات میں اسلام آباد میں 2 پلاٹوں کی ملکیت ظاہر کی ہے اور ان کا ایک کینال کا پلاٹ 55 لاکھ اور دوسرا 8 لاکھ روپے کا ہے۔
سابق اپوزیشن لیڈر نے گھوسری میں 20 اور 3 ایکڑ زمین 26 لاکھ 86 ہزار 76 روپے مالیت کی ظاہر کی جب کہ کوٹری میں 100 ایکڑ زرعی زمین 16 لاکھ روپے مالیت کی ہے۔
خورشید شاہ نے اپنے کاغذات نامزدگی فارم میں نارا کاٹن فیکڑی میں 21 لاکھ روپے مالیت کے 25 فیصد شیئرز بھی ظاہر کیے ہیں۔

خرم دستگیرکے اثاثاجات کی تفصیلات
سابق وزیر دفاع خرم دستگیر نے دستاویزات میں اپنے اثاثوں کی مالیت ایک کروڑ 28 لاکھ روپے بتائی ہے، ان کے 2 بینک اکاؤنٹس میں 37 لاکھ 39 ہزار روپے ہیں جب کہ خرم دستگیر ایک کار اور 200 گرام سونے کے بھی مالک ہیں۔
سابق وزیر دفاع سیالکوٹی دروازے کے قریب سینما کے ایک تہائی حصے دار ہیں، وہ جی ٹی روڈ پر واقع کلاتھ مارکیٹ میں بھی ایک تہائی حصےکے مالک ہیں۔
دستاویزات کے مطابق خرم دستگیر کو سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع گھر والد کی طرف سے بطور تحفہ ملا، ان کو ڈی سی کالون میں بیوی کی طرف سے پلاٹ بھی بطور تحفہ ملا۔

مراد علی شاہ کے اثاثا جات کی تفصیلات
سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اثاثوں کی مد میں 21 کروڑ 39 لاکھ 18 ہزار 499 روپے ظاہر کیے ہیں۔
مراد علی شاہ ڈی ایچ اے کراچی میں ایک کروڑ 15 لاکھ روپے کے بنگلے کے مالک ہیں جب کہ انہوں نے اثاثوں میں مختلف مقامات پر 51 ایکڑ زرعی اراضی بھی ظاہر کی ہے۔
دستاویزات کے مطابق مراد علی شاہ نے 10 تولے زیوارت بھی اپنے اثاثوں میں ظاہر کیے جب کہ ان کے پاس 22 لاکھ اور ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کی 2 گاڑیاں ہیں۔
مراد علی شاہ کے پاس بینک میں 2 لاکھ 64 ہزار 368 ڈالرز بھی ہیں، اس کے علاوہ 275 ایکڑ پر محیط ایک ٹرسٹ بھی ان کی ملکیت میں شامل ہے۔

کیپٹن (ر) صفدکے اثاثاجات کی تفصیلات
کیپٹن (ر) صفدرحسین کے اثاثاجات کی فہرست منظرعام پر آگئی ہے۔ جس کے مطابق سابق وزیر اعظم کے داماد راجن پور میں 2922 کنال ، مانسہرہ میں 172 کنال، جلو گاؤں مانسہرہ میں 73 کنال اور مانسہرہ دائغ براہ میں 60 کنال زرعی زمین ہے، انہوں نے سندر انڈسٹریل ایریا کے قریب زیر تعمیر فلور ملز میں 34 لاکھ کی سرمایہ کاری بھی کررکھی ہے۔
اثاثوں کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر نے اسلام آباد E-12/4 ایک پلاٹ قسطوں پر لیا ہوا ہے، ان کے پاس 4 لاکھ روپے کے بانڈز ہیں، کیپٹن صفدر کے بیٹے جنید کے نام پر 16 کنال کی 2 املاک جب کہ 10 لاکھ کی جیولری ہے، اس کے علاوہ ان کے پاس ایک سال میں 17 لاکھ 28 ہزار روپے کا زرمبادلہ آیا ہے۔

علیم خان کےاثاثاجات کی تفصیلات
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کے تمام تر اثاثاجات کی تفصیلات بھی منظرعام پر آگئیں، جس کے مطابق علیم خان کی پاکستان میں 43 جبکہ بیرون ملک 3 کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں، ان کے کل اثاثوں کی مالیت 91 کروڑ 82 لاکھ 78 ہزار 855 روپے ہے تاہم وہ ایک ارب 21 کروڑ 86 لاکھ 32 ہزار 281 روپے کے مقروض ہیں۔ جس میں اپنی ہی بنائی گئی کمپنی سے لیا گیا 69 کروڑ 97 لاکھ 4 ہزار 306 روپے کا قرض بھی شامل ہے۔
علیم خان کی ذاتی پراپرٹی کی مالیت 15 کروڑ 92 لاکھ 75 ہزار 737 روپے ہے اور اِن کا پاکستان میں صرف 90 ہزار روپے کا کاروبار ہے تاہم علیم خان نے 2015 سے 2017 کے دوران تنخواہ اور منافع کی مد میں 4 کروڑ 39 لاکھ 5 ہزار 799 روپے کمائے، ان کا بیرون ملک کاروبار کا سرمایہ 81 لاکھ 38 ہزار 5 روپے ہے، ان کے پاس موجود لاکھوں شیئرزکی مالیت 12 کروڑ 93 لاکھ 53 ہزار 990 روپے ہے، ۔
علیم خان کے پاس 3 کروڑ47 لاکھ 21 ہزار 65 روپے مالیت کی بیش قیمت گاڑیاں ہیں جن میں 3 لینڈ کروزر اور ایک ہونڈا سوک ہے۔ علیم خان کے پاس 9 لاکھ 94 ہزار 760 روپے کے زیورات جب کہ نقد 9 لاکھ 35 ہزار 200 روپے ہیں ، اس کے علاوہ بینکوں میں 6 کروڑ 40 لاکھ 82 ہزار 21 روپے ہیں۔
دوسری جانب علیم خان کے پاس موجودہ فرنیچر کی مالیت 19 لاکھ 60 ہزار روپے، علیم خان کے موجودہ اثاثوں میں 41 کروڑ 7 لاکھ 10 ہزار 277 روپے کا اضافہ ہوا، انہوں نے 3 سال میں ایک کروڑ 2 لاکھ 77 ہزار914 روپے ٹیکس دیا جب کہ بیرون ممالک 23 دورے کیے جن پر 21 لاکھ 65 ہزار روپے کے اخراجات آئے۔