کراچی میں سمندر کی بے رحم لہروں نے 6 زندگیاں نگل لیں

لسبیلہ: کراچی میں سمندر کی بے رحم لہروں نے 6 زندگیاں نگل لیں، 4 خواتین اور دو بچوں کی لاشیں نکال لیں گئیں جبکہ ایک بچے کو بچا لیا گیا ۔
تمام افراد ہنستے مسکراتے پکنک منانے آئے ،مگر نہاتے ہوئے موت نے خوشیاں لوٹ لیں، واقعہ گڈانی پکنک پوائنٹ پر پیش آیا۔ جاں بحق خواتین کا تعلق کراچی کے علاقے کچھی پاڑہ سے ہے، خواتین اور بچوں  کی لاشیں گڈانی ہسپتال منتقل کردی گئیں۔ ذرائع کے مطابق حب کے ساحلی علاقے گڈانی میں نہاتے ہوئے 17افراد ڈوب گئے، 4 خواتین اور 2 بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک بچے کو بے ہوشی کی حالت میں جبکہ باقی 10 افراد کو صحیح سلامت ریسکیو کرلیا گیا۔
ریسکیو ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ڈوبنے والے دو بچے تاحال لاپتہ ہیں،ذرائع کے مطابق ڈوبنے والی خواتین کی شناخت حمیرا، صدف اور شاہدہ کے نام سے کر لی گئی جبکہ 12 سالہ مہک بھی ڈوبنے والوں میں شامل ہے۔ 2 بچوں امان اور سفیان کی لاشیں بھی نکال لیں گئیں۔ 9 افراد پر مشتمل لیاری کا خاندان گزشتہ رات گڈانی رشتے داروں کے ہاں پہنچا تھا، خواتین بچوں کے ہمراہ سمندر پر سیر کیلئے گئی تھیں۔

دوسری جانب ہاکس بے کے سمندرمیں بھی ایک شخص نہاتے ہوئے ڈوب کرجاں بحق ہوگیا ہے ۔اس ماہ کے دوران کراچی کے سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر20 افراد جان سے جاچکے ہیں ۔واضح رہے کہ موسم گرما کے موجودہ مہینوں میں ساحل پر بڑی اور جان لیوا لہریں اٹھتی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کی جانوں کی حفاظت کے لیے شہری انتظامیہ کی جانب سے ساحل پر نہانے پر پابندی لگائی گئی ہے۔پابندی کے باوجود لوڈ شیڈنگ، پانی کی قلت اور گرمی کے مارے عوام بڑی تعداد میں مختلف ساحلی مقامات کا رخ کر رہے ہیں۔