میلانیا ٹرمپ کی جیکٹ نے سوشل میڈیا پرنئی بحث چھیڑ دی

ٹیکساس: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ اپنے ملبوسات اور بالوں کے اسٹائل کے باعث عمومی طور پر میڈیا میں مقبولیت حاصل کرتی رہتی ہیں۔
تاہم اب میلانیا ٹرمپ کےامریکا میں غیر قانونی تارکین وطن سے علیحدہ کیے گئے بچوں سے ملاقات کے دوران زیب تن کی ہوئی سبز رنگ کی جیکٹ نےسوشل میڈیا پرنئی بحث چھیڑدی۔

 

یہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب میلانیا ٹرمپ نے غیرقانونی طورپرامریکا میں مقیم والدین سے علیحدہ کئے گئے بچوں سے کیمپ میں جا کر ملاقات کی اور ان بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔ اس وقت سابق ماڈل نے مشہورفیشن ڈیزائنر’زارا‘ کی تیارکردہ سبز رنگ کی جیکٹ زیب تن کر رکھی تھی جس کی پشت پر’’مجھے کسی کی پروا نہیں،کیا آپ کو ہے؟ تحریر تھا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو سے امریکا داخل ہونے والے تارکین وطن کے حوالے سے قوانین سخت کر دیئے تھے جس کے تحت غیر قانونی تارکین وطن کو ان کے شیر خوار بچوں تک سے علیحدہ کردیا گیا تھا۔ تاہم میلانیا ٹرمپ نے سب سے پہلے اس غیر انسانی رویئے کی مذمت کرتے ہوئے بچوں کی اپنے والدین سے علیحدگی کو نہایت افسوسناک صورت حال قرار دیا تھا۔