بھارتی میڈیا کے مطابق پریگیا سرواس نامی گھریلو خاتون ہراس شخص سے نفرت کرتی ہے جو اس کے کالے رنگ کی وجہ سے اس پرتنقید کرتا ہو یا مذاق اڑاتا ہو، اسے اپنے پکائے ہوئے کھانوں کا مذاق اڑانے والوں پر بھی شدید غصہ آتا ہے۔
دو سال قبل شادی کرنے والی پریگیا سرواس مسلسل اپنے رشتہ داروں کی جانب سے کی جانے والی تنقید سن سن کرتھک گئی تو ایک دن اس نے ان سب کی جان لینے کی ٹھان لی۔
28 سالہ پریگیا سرواس نے اپنے خاندان والوں کو ایک دن دعوت پربلایا اورسب کوزہر ملا کھانا کھلا دیا۔
کھانا کھاتے ہی ایک کے بعد ایک نے پیٹ کے درد کی شکایت کی اور کچھ نے الٹیاں شروع کردیں اور پھر4 بچوں سمیت 5 افراد اسی وقت جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 120 مہمان شدید بیمار پڑگئے جنھیں فوری طورپرقریبی اسپتال لے جایا گیا۔
زہر سے مرنے والے بچوں کی عمریں 7 سال سے 13 سال تک کے درمیان ہیں جبکہ مرنے والے شخص کی عمر53 سال بتائی گئی ہے۔
زہر ملے کھانے کے نمونے لیبارٹی بھیجے گئے تو اس میں کیڑے مار دوا کی موجودگی کی تصدیق بھی ہوگئی ہے۔
بعد ازاں اس خاتون نے پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا جس کے بعد اسے پانچ لوگوں کے قتل ، اقدام قتل اور دوسرے جرائم میں گرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔