نوعمر مصور کی حیرت انگیز ڈرائنگ۔ سب کوحیران کردیا

تصویریں بنانا یا مصوری ایک ایسا فن ہے جو زمانہ قدیم سے ہی انسانوں کا پسندیدہ رہا ہے۔مصوری ایک بہت مشکل آرٹ ہے اور اس کو سیکھنے کیلئے بہت محنت کی ضروت پڑتی ہے لیکن سربیا کے 15 سالہ نوعمر مصور نے اپنی حیرت انگیز صلاحیت کے بل پر دنیا کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا۔
15سالہ اس لڑکے کا نام ڈوشان کروٹلیشان ہے جو صرف اپنی یادداشت کی بنا پر فطری مناظر اور جانوروں کی انتہائی تفصیلی ڈرائنگ بنالیتا ہے اسی بنا پر لوگ اسے ’جینیئس‘ قرار دے رہے ہیں۔
سربیا کے ڈوشان کروٹلیشان کی تصاویر کو جانوروں کے ماہرین نے بھی درست قرار دیا ہے جس میں انہوں نے جانوروں کی انتہائی باریک تفصیلات کو بیان کیا ہے۔ یہ نوجوان کئی سال قبل جانوروں کا ایک مکمل انسائیکلو پیڈیا بھی تیار کرچکا ہے۔
ڈوشان نے بتایا کہ انہیں جنگلی حیات میں موجود گوناگوں جانوروں سے بہت لگاؤ ہے اور ان کی ڈرائنگ بنانے کا عمل ان کے لیے کسی کھیل کی طرح ہے۔
ڈوشان نے بتایا کہ وہ ایک مرتبہ جانور اور فطری ماحول کو دیکھتے ہوئے اسے دماغ میں بٹھا لیتا ہے اور پہلے انہیں حافظے میں بناتا ہے بعدازاں کینوس پر منتقل کردیتا ہے۔