پاک فضائیہ کا جنگی طیارہ گر کرتباہ۔ 2 پائلٹ شہید

پشاور: پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر پاک فضائیہ کا جنگی طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں 2 پائلٹ شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے ایئر پورٹ پر پاک فضائیہ کا جنگی طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ایف ٹی-سیون پی جی تربیتی طیارہ معمول کے آپریشنل ٹریننگ مشن پر تھا۔

ذرائع کے مطابق طیارے نے صبح 11 بجکر 40 منٹ پر کسٹمز لینڈنگ رن وے کے قریب تکنیکی خرابی کی بنا پر کریش لینڈنگ کی تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق طیارہ ٹیک آف ہوتے ہی تھوڑی سی بلندی پر گیا اس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ جہاز کے کپتان نے طیارے کی کریش لینڈنگ کی لیکن اسی دوران ہی اس میں آگ لگ گئی۔ جہاز میں سے زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی۔
طیارے کے گر جانے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کردیا۔
ذرائع کے مطابق حادثے میں دو پائلٹ شہید ہوگئے۔