چیف جسٹس ماتحت عدلیہ کے دورے کریں لیکن میڈیا کےساتھ نہیں – رشید اے رضوی

 

اسلام آباد:سابق صدر سپریم کورٹ بار رشید اے رضوی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کو ماتحت عدلیہ کے دورے کرنے چاہئے لیکن اس موقع پر میڈیا ساتھ نہیں ہونی چاہئے کیونکہ ہر ایک کی عزت نفس ہوتی ہے اورعدلیہ میں ویسے بھی اچھے لوگ کم آرہے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے معروف آئینی ماہر رشید اے رضوی نے کہا کہ یہ بار اور بار کے نمائندوں کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ چیف جسٹس ماتحت عدالتوں پر توجہ دیں اور اب اس کے نتیجہ میں ایک جج نے استعفیٰ دیدیا ہے ۔چیف جسٹس کو جانا تو چاہئے لیکن ا س موقع پر کیمرہ نہیں ہونا چاہئے کیونکہ یہ کوئی جلسہ تو نہیں ہورہا ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ دورے ہونے چاہئے لیکن عدالت میں میڈیا نہیں ہونا چاہئے ۔ ہر ایک کی اپنی عزت نفس ہوتی ہے ۔ پہلے تو ویسے بھی اچھے لوگ عدلیہ میں کم آرہے ہیں اور پھر مزید بھی آنا چھوڑ دیں گے ۔