سیوھن: عام انتخابات کی آمد آمد ہے اور تمام سیاسی جماعتیں انتخابی مہم چلانے میں مصروف ہیں۔ اسی سلسلے میں جب پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اپنے حلقے پی ایس 80 کے دورے پر پہنچے تو انہیں وہاں موجود ووٹرز کے شکووں کا سامنا کرنا پڑا۔2013 کے انتخابات کے مقابلے میں اس سال ہونے والے انتخابات میں عوام باشعور ہوگئے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اپنی رہائش گاہ واہڑ سے باہر نکلے تو ایک ووٹر نے ان سے شکوہ کیا کہ آپ نے ہمارے لئے کیا کیا؟ میرے والد پیپلزپارٹی کے دیرینہ کارکن ہیں لیکن ہمارے لئے کچھ نہیں کیا گیا۔
اس کے علاوہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ پنوں عاقل کے دورے پر گئے جہاں ووٹرز نے ان سےسوال کرتے ہوئے کہاکہ 10 سال حکومت میں رہنے کے باوجود آپ نے علاقے کے لیے کیا کیا؟جس پرپیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے جواب تو نہیں دیا لیکن مسکرا کر چلے گئے۔
پیپلز پارٹی کےکارکنوں نےپارٹی رہنما اور سابق وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین شاہ کی گاڑی روک لی اور خورشید شاہ سےمکالمہ کیا کہ کسی وڈیرے کے کہنے پرووٹ نہیں دیں گے،آپ نوکری کی ضمانت دیں۔اس موقع پر خورشید شاہ اور ناصر شاہ نے لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراکے جان چھڑائی۔