انتخابات کا آزادانہ انعقاد وفاقی اورصوبائی حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے،نگراں وزیراعظم

پشاور: نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے کہا ہے کہ انتخابات کا آزادانہ، منصفانہ اورپرامن انعقاد وفاقی اور صوبائی حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے 2009  سے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری کی تعریف کرتے ہوئے صوبے کے عوام اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے صوبہ میں عام انتخابات کے خوش اسلوبی سے اور پرامن انعقاد کیلئے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں گورنرخیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا، صوبائی الیکشن کمشنر اور سینئر وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔

آئی جی پولیس کے پی کے محمد طاہر نے افراد اوراملاک کے حوالہ سے جرائم، اشتہاری مجرموں کی گرفتاری، اسلحہ کی بازیابی اورنیشنل ایکشن پلان کے تحت حاصل شدہ اہداف سمیت امن و امان کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بتایا گیا کہ 2004ء سے خیبرپختونخوا پولیس کے 1306 اہلکاروں نے فرض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

اجلاس میں صوبہ میں سی پیک منصوبہ جات کے تحفظ کیلئے صوبائی حکومت کے سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی جی پولیس نے فاٹا کے خیبرپختونخوا کے ساتھ ادغام کے بعد صوبہ کی تبدیل شدہ ہیئت کے تناظر میں پولیس کی ضروریات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کے پی پولیس کے علاوہ فرنٹیئر کانسٹیبلری، لیویز، گلگت بلتستان اور اے جے کے پولیس بھی صوبہ میں عام انتخابات 2018ء کے دوران سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تعینات کی جائے گی۔