ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کے وکیل نے دلائل مکمل کرلیے

اسلام آباد:شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی احتساب عدالت میں سماعت ہوئی،ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل مکمل کر لیے۔
خواجہ حارث نے کہاکہ ہمیں دفاع کی ضرورت نہیں ہے، ہمارے خلاف ایک بھی چیز ثابت کریں تو دفاع پیش کریں گے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے حتمی دلائل دیتے ہوئے کہاکہ استغاثہ ثابت نہیں کرسکا کہ بچے نواز شریف کے زیر کفالت ہیںاس کے علاوہ واجد ضیاء بھی کہہ چکےہیں کہ بچے نواز شریف کے زیر کفالت ہیں اس کے ثبوت نہیں ہیں۔
خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بریت کا کیس ہے کیونکہ اس کیس میں کوئی شہادت پیش نہیں کی گئی۔
انہوں نے اپنے دلائل مکمل کرنے پر عدالت کا شکریہ بھی ادا کیا جب کہ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے بھی خواجہ حارث کو دلائل مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔
اس کے علاوہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کل حتمی دلائل کا آغاز کریں گے۔