چوہدری نثار کو الیکشن کیلئے جیپ کا انتخابی نشان مل گیا

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کو الیکشن کے لیے ’جیپ‘ کا انتخابی نشان الاٹ کردیا گیا۔
چوہدری نثار کو صوبائی اسمبلی کے لیے راولپنڈی کے حلقے پی پی 12 سے جیپ کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ریٹرننگ افسر نجیب اللہ نے چوہدری نثار کے لیے جیپ کے انتخابی نشان کی منظوری دی ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس بار 4 حلقوں سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں دو صوبائی اور دو قومی اسمبلی کے حلقے شامل ہیں۔
چوہدری نثار این اے 63، این اے 59، پی پی 12 اور پی پی 10 سے انتخابی میدان میں اتر رہے ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے ریٹرننگ افسران کو انتخابی نشان میں ’جیپ‘ الاٹ کرنے کی درخواست دی تھی۔
واضح رہےکہ ملک میں 25 جولائی کو عام انتخابات ہوں گے جس میں چھوٹی بڑی جماعتیں حصہ لے رہے ہیں جب کہ اس حوالے سے انتظامات حتمی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔