پارٹی ٹکٹ پر بیان حلفی کا معاملہ، عمران خان 4 جولائی کو طلب

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ٹکٹ پر بیان حلفی سے متعلق درخواست پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو 4 جولائی کو طلب کرلیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے تحریک انصاف میں ٹکٹ کی درخواست دینے والوں امیدواروں سے بیان حلفی لینے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی تھی۔
پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے امیدوار ملک منیر کی جانب سےیہ درخواست دائر کی گئی تھی جن کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ تحریک انصاف نے امیدواروں سے غیر قانونی بیان حلفی لیا اور ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی چھوڑنے اور آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے سے روکا گیا ہے۔
دوران سماعت الیکشن کمیشن پنجاب کے ممبر الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ سیاسی جماعت کا ٹکٹ اس کی شرائط پر ہی ملتا ہے، کیا ایسے بیان حلفی دیگر جماعتوں نے بھی لئے ہیں؟
اس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ تمام جماعتیں اس طرح سے حلف لے رہی ہیں جو غیر قانونی ہے اور کسی پارٹی کے منشور کا حصہ نہیں۔
الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کےبعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 4 جولائی کو طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا۔