ملتان:ڈکیتی کے دوران مسلح ملزمان کی خاتون سے مبینہ زیادتی،مقدمہ درج
متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا ہے اور ضروری نمونے فرانزک تجزیے کے لیے لاہور کی لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔
ملتان:ڈکیتی کے دوران مسلح ملزمان کی خاتون سے مبینہ زیادتی،مقدمہ درج
ملتان: ملتان کے علاقے شاہ شمس میں ڈکیتی کے دوران خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایک شہری اپنی اہلیہ اور دو بچوں کے ہمراہ موٹرسائیکل پر ایک تقریب سے گھر واپس جا رہا تھا کہ واں چھتہ کے مقام پر بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکل پر سوار تین مسلح افراد نے انہیں روک لیا۔
درخواست گزار کے مطابق دو ملزمان نے اسلحے کے زور پر اسے اور بچوں کو یرغمال بنائے رکھا، جبکہ تیسرے ملزم نے خاتون کو زبردستی سڑک سے نیچے درختوں کے پیچھے لے جا کر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔ شوہر کے شور مچانے پر چند راہگیر موقع پر پہنچے تو ملزمان فرار ہوگئے۔
سی پی او ملتان اختر فاروق نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا ہے اور ضروری نمونے فرانزک تجزیے کے لیے لاہور کی لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق تینوں نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔