مانچسٹر: بھارت نے پہلے ٹی 20 میچ میں انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ بھارت نے مقررہ ہدف 160 رنز 19ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
بھارت کی جانب سے کے ایل راہول نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں روہت شرما نے 32، ویرات کوہلی نے 20 اور شیکھر دھون نے 4 رنز بنائے۔
مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے جوز بٹلر 46 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دیگر بلے بازوں میں جیسن روئے نے 30، ایلکس ہیلز نے 8، این مورگن نے 7، ڈیوڈ ویلی نے 29 اور لائم پلنکٹ نے 3 رنز بنائے جبکہ جونی بیرسٹو، جو روٹ اور کرس جورڈن کوئی اسکور بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 24 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ اومیش یادیو نے 2 اور ہردیک پانڈیا نے ایک وکٹ حاصل کی۔