نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت 9 جولائی تک ملتوی

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی غیر موجودگی کے باعث سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت 9 جولائی تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں شریف خاندان کیخلاف العزیزیہ سٹیل ملز اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف نیب کے ضمنی ریفرنس کی سماعت ہوئی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی رخصت کے باعث شریف خاندان کیخلاف ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت نمبر2 کے جج ملک ارشد نے سماعت کی۔
سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء اور نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے۔
خواجہ حارث نے عدالت کے روبرو کہا کہ وہ جج محمد بشیر کی موجودگی میں جرح چاہتے ہیں۔
جس پر احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس کی سماعت 9 جولائی تک کے لیے ملتوی کردی۔
العزیزیہ ریفرنس کی گزشتہ روز ہونے والی سماعت کے دوران خواجہ حارث نے واجد ضیاء پر جرح کی تھی، جس کا سلسلہ آج بھی جاری رہنا تھا، تاہم آج سماعت نہ ہوسکی۔