اقتدار میں آکرکرپشن پر قابو اور 50لاکھ گھر تعمیر کریں گے،عمران خان

کراچی :چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نےکہاکہ سالانہ دس لاکھ سستے گھروں کی تعمیر آسان نہیں،آج پاکستان میںسوا کروڑ گھروں کی ڈیمانڈ ہےاس لیے یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے،لیکن ہم نےٹارگٹ سیٹ کیا ہے 5سال میں 50 لاکھ گھر تعمیرکریں گے،انہوں نے کہاکہ ہم یہ لوگوں کو خوش کرنے کے لئے نہیں کررہے ،ہم نے اپنے آپ کو چیلنج کیا ہےاور ہم اقتدار میں آکریہ کرکے دیکھائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھر بنانے کے لئےون ونڈو آپریشن ہوگا،رکاوٹیں حکومت دورکرے گی اوربینکنگ سسٹم کو سیٹ کرنا ہوگاکیوں کہ غریب آدمی کو کوئی قرض ہی نہیں دیتااس لیے ہمیں اس تباہی سے نکلنے کے لئے اپنے آپ کو بدلنا ہوگا۔
عمران خان نے کہاکہ آج پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بے روز گاری ہے،ہم نےنوجوانوں کو نوکریاں نہ دیں تونوجوان چوری اور منشیات کی طرف جائیں گےجس سےملک تباہی کی طرف جائے گا۔
عمران خان نے کہاکہ اگرنوجوانوں کو نوکریاں دینی ہیں تو اس کا سب سے بڑا ذریعہ ہاؤسنگ سیکٹر ہےاس لیےحکومت کا کام ہونا چاہیے،پرائیویٹ سیکٹرکو سہولت دے،ملک میں معاشی انقلاب لانے کے لئے ہاؤسنگ پروجیکٹ ضروری ہے۔
اسحاق ڈار کے حوالے سربراہ پی ٹی آئی نے کہا کہ اسحاق ڈارکی لندن سےایک تصویرآئی جب اسپتال کےبستر پر تھے، اسحاق ڈار خود تو جعلی بیمار بنے لیکن ملکی معیشت کو آئی سی یو میں پہنچادیا، اسحاق ڈار کی ایک تصویر پھر آئی، جس میں وہ سڑک پرگھوم رہے تھے۔

اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہناتھاکہ 30 سال باریاں لینے والوں نے ملک کو تباہ کردیا ہے، قوم مقروض ہو چکی ہے، کبھی ایسی بےروزگاری نہیں تھی۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں، مجھے فیصلہ ہوتے ہوئے نظر آ رہا ہے، سب سے بڑا امپائر اللہ تعالیٰ ہے اور اس کا فیصلہ آگیا ہے، اندھیری رات سے نکلنے کےلیے اللہ نے پاکستان کو زبردست موقع دیا ہے،

وفاق میں حکومت بنانے کے لیے ہمارے پاس کافی نشستیں ہوں گی، میں اپنے امیدواروں سے کہتا ہوں گلی گلی جائیں اور ریلیاں نکالیں، کبھی اپنے مخالف کو کمزور نہ سمجھیں، اس حوالے سے کرکٹ کی زبان میں کہا جاتا ہے کہ جب تک آخری گیند نہ ہوجائے تو فیصلہ نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ جب ہم بڑے ہورہے تھے تو ملک کے ادارے مضبوط تھے، 60 کی دہائی میں ملک ترقی کررہا تھا۔

سب تباہی ہمارے سامنے ہوئی ہیں، آج ہم مقروض ہوتے جارہے ہیں، ادارے تباہ ہوگئے ہیں، اداروں کے ساتھ ملک ترقی کرتا ہے لیکن سابق حکمرانوں نے ملک کو تباہ کردیا، آج بنگلا دیش ہم سے آگے نکل چکا ہے، لاہور میں بارش نے ترقی کا پول کھول دیا، لاہور کو جو پیرس بنانا تھا وہ سب قوم کے سامنے آگیا، 30 سال باریاں لینے والوں نے ملک کو تباہ کردیا ہے، قوم مقروض ہو چکی ہے، کبھی ایسی بےروزگاری نہیں تھی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج کے پی کی پولیس ماڈل پولیس بن گئی پر یہاں یہ نہیں ہوسکا، کراچی پولیس کو غلط استعمال کیا جاتا رہاہے، 6،6 باریاں لینے والے پولیس کو ٹھیک کیوں نہیں کر سکے، شہباز شریف پنجاب پولیس کے ذریعے ہی ماورائےعدالت لوگوں کومرواتے ہیں۔