عدالت نے میشا شفیع کو 13 اگست کو دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کردیا

لاہور: سیشن عدالت نے گلوکارہ و ماڈل میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوے پر گلوکارہ کا جواب داخل نہ کروانے پر عدالت نےمیشا شفیع کو 13 اگست کو دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق علی ظفر کی جانب سے دائر ہتک عزت کے دعوے کی سماعت ہوئی۔
علی ظفر نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ میشا شفیع نے جھوٹی شہرت کے لئے ان پر ہراساں کرنے کے جھوٹے الزامات عائد کئے۔ جس سے پوری دنیا میں ان کی شہرت متاثر ہوئی۔
علی ظفر نے اپنی درخواست میں استدعا کی تھی کہ عدالت میشا شفیع کو سو کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔
ایڈیشنل سیشن جج شہزاد احمد نے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوے پر سماعت کی، تاہم عدالتی حکم کے باوجود میشا شفیع نے جواب داخل نہ کروایا۔
عدالت نے طلبی کا نوٹس میشا شفیع کے گھر کے دروازے پر چسپاں کرنے کا حکم دیتے ہوئے گلوکارہ کو 13 اگست کے لئے دوبارہ نوٹس جاری کردیا اور سماعت ملتوی کردی۔