الیکشن متنازع ہوجائیں تو ملک ترقی نہیں کرسکتا- شاہد خاقان

 

اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ انصاف نہ صرف ہونا چاہیے بلکہ انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔

اپنے بیان میں شاہد خاقان نے کہا کہ پاکستان کے عوام نہیں مانتے ، کیوں الیکشن کو متنازع بناتے ہو، ہم نے کبھی یہ نہیں کہا کہ ہمیں عدالت سے کوئی فائدہ چاہیے، ہم نے صرف یہ کہا تھا کہ انتظار کرلو چار دن کی بات ہے۔شاہد خاقان نے کہا کہ نوازشریف پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، ہم نے عدالتی فیصلوں پرعمل درآمد کیا مگر عوام نے تسلیم نہیں کیا، عمران خان اب 25 جولائی کا انتظار کرو۔

انہوں نے کہا کہ آج بات ایسے فیصلے کی ہے جسے تاریخ قبول نہیں کرے گی، ڈھائی ڈھائی سال فیصلے محفوظ رکھے گئے کیا یہاں کچھ دن کا انتظار نہیں ہوسکتا تھا؟ نوازشریف تو الیکشن نہیں لڑ رہے تھے، نوازشریف پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔شاہد خاقان نے کہا کہ نواز شریف پرکرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، یہ فیصلے ہمارے لیے نئی بات نہیں، 2000ء میں بھی عمر قید کی سزا دی تھی جسے قوم نے قبول نہیں کیا تھا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جس بندے سے ایک ارب روپے برآمد ہوا اس کی تین پیشیاں ہوئیں، ملک کو ایٹمی قوت بنانے والے کے خلاف ایک اور ناقابل قبول فیصلہ کیا گیا، ملک کا الیکشن متنازع ہوچکا ہے، نوازشریف جیل سے ڈرنے والا نہیں، نوازشریف نے پہلے بھی جیل بھگتی اب بھی بھگت لیں گے، ہم سڑکوں پر نہیں جانا چاہتے، گاڑیوں کو آگ نہیں لگانا چاہتے عوام کا جواب 25 جولائی کو آئے گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا ک ’ہم ملک کا نقصان نہیں کریں گے، عوام 25 جولائی کو جواب دیں گے، جس شخص کا مقصد صرف اقتدار ہو وہ شخص کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا، جس نے الیکشن ملتوی کرنے کی کوشش کی اس پر آرٹیکل 6 لگائیں گے، جہاں الیکشن متنازع ہوجائیں وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ چور دروازے سے حکومت میں آنے والے ملک کی خدمت نہیں کرسکتے، عمران خان تو ویسے ہی الیکشن ہار چکے ہیں ان کے خلاف کیا نعرے لگانے‘۔