پنجاب میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پربلا امتیاز کارروائی کاحکم

لاہور:نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت بلا امتیاز کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرحسن عسکری کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات کی تیاریوں سمیت دیگرامورکا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں الیکشن ڈیوٹی پر2 لاکھ 59 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں اہم سیاسی رہنماؤں، جلسے جلوسوں کو بھی فول پروف سیکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھاکہ پاک فوج، رینجرز اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ امن عامہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے حکم دیا کہ پنجاب بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلیے دفعہ 144 نافذ ہے اور اس کی خلاف ورزی قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔