ترجمان نیب کے مطابق نیب کو احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس میں وارنٹ گرفتاری مل گئے ہیں جس کے بعد نوازشریف، مریم نوازاور کیپٹن (ر)صفدرکی گرفتاری کی کارروائی شروع کردی ہے۔
ترجمان نیب نے وضاحت کی کہ گزشتہ روزعدالت کے فیصلے میں لکھا گیا کہ نوازشریف پرکرپشن کے چارجز نہیں ہیں لیکن نیب آرڈیننس کے مطابق جو اثاثے معلوم ذرائع آمدن سے زیادہ ہوتے ہیں وہ کرپشن کے زمرے میں آتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزاحتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 11 اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 جب کہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فیصلے میں نوازشریف کو 80 لاکھ پاؤنڈ اور مریم نواز کو 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ بھی کیا ہے اورایون فیلڈ اپارٹمنٹس کو ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے جبکہ عدالت نے کیپٹن (ر) صفدرپرجرمانہ نہیں کیا ہے۔