افغان طالبان نے امن مذاکرات کی پیشکش ایک بار پھر مسترد کردی

کابل:افغان طالبان نے امن مذاکرات کی حکومتی پیشکش ایک بار پھر مسترد کردی ہے۔

افغان میـڈیا کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں امن مذاکرات کا حصہ نہ بننے کا اعلان کرتے ہوئے حکومتی امن مذاکرات کی پیشکش کو ایک بار پھر مسترد کردیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان سرزمین سے غیرملکی افواج کے نکلنے تک حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

ترجمان نے حکومتی حکام کوامریکا کی کٹھ پتلی قراردیتے ہوئے کہا کہ امریکی نوازحکومت کے نمائندوں سے کوئی بات چیت نہیں ہوسکتی۔

واضح رہے کہ افغان حکومت نے 17 سال سے جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے افغان طالبان سے مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم حکومت کو اس میں خاطرخواہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔