راولپنڈی: راولپنڈی میں گزشتہ روز بغیر اجازت ریلی نکلنے پر ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ ملزم کیپٹن (ر) صفدر سمیت 15 مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کل ریلی کی صورت میں اپنی گرفتاری دینے کے لئے راولپنڈی پہنچے تھے جہاں نیب حکام کی جانب سے انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس دوران مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی جانب سے نیب حکام سے مذمت کی گئی تھی۔ چیئرمین نیب کی جانب سے اس اقدام کا نوٹس لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔ گزشتہ روز ریلی بغیر اجازت نکالی گئی تھی۔ ضابط اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر لیگی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ تھانہ وارث خان کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمہ میں دفعات 188، 148، 147، اور 341 شامل کی گئی ہے جبکہ مقدمہ میں ایمپلی فائر ایکٹ بھی شامل کیا گیا ہے۔
مقدمہ میں کیپٹن (ر) صفدر، چوہدری تنویر، دانیا ل چوہدری، راجہ حنیف، شیخ ارسلان اور ضیااللہ شاہ سمیت 15 افراد جبکہ سیکڑوں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق نیب عدالت سے سزا یافتہ محمد صفدر نے ریلی کی قیادت کی اور روڈ بلاک کیا، نامزد ملزمان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اور جرم کا ارتکاب کیا۔