احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت 12جولائی تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء بطور گواہ عدالت میں پیش ہوئے۔
نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے اعتراض کیا کہ باقی دو ریفرنسز کی سماعت نہ کی جائے۔
خواجہ حارث ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہمارا اعتراض ہے کہ آپ یہ کیس ہی نہیں سن سکتے،مناسب یہ ہے کہ سپریم کورٹ کو خط میں آپ ان باتوں کا حوالہ بھی دے دیں۔
احتساب عدالت کے جج کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی مدت بھی ختم ہو رہی ہے، اس سے متعلق خط لکھنا میرا کام ہے۔
خواجہ حارث نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ سے ڈائریکشن ملنے کے بعد ہی مزید کارروائی آگے بڑھائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم تو چاہتے تھے کہ تمام ریفرنسز کا فیصلہ ایک ساتھ کر دیں۔
سماعت کے دوران خواجہ حارث نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی کہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز جمعہ (13 جولائی) کو لندن سے واپس پاکستان آرہے ہیں، لہذا پیر (16 جولائی) تک سماعت ملتوی کردیں۔
تاہم عدالت نے سماعت 12 جولائی تک کے لیے ملتوی کردی۔