آصف زرداری،فریال تالپورنےالیکشن کےبعدپیش ہونےکی مہلت مانگ لی

کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے عام انتخابات کے بعد ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کے سامنے پیش ہونے کی مہلت مانگ لی۔
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل نے آج طلب کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک کے دو جونئیر وکیل ایف آئی اے اسٹیٹ بینک کرائم سرکل میں پیش ہوئے اور آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی جانب سے تحریری بیان جمع کرایا۔
ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور نے الیکشن کے بعد پیش ہونے کی مہلت مانگی ہے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے۔ جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق آصف زرداری کو زرداری گروپ لمیٹڈ کے شیئر ہولڈر اور فریال تالپور کو زرداری گروپ کی ڈائریکٹر کی حیثیت سے طلب کیا گیا۔ منی لانڈرنگ کیس میں طلبی کے معاملے پر آصف زرداری نے فاروق ایچ نائیک، لطیف کھوسہ، اعتزاز احسن اور نیئر بخاری سے مشاورت کی، تاہم سینئر وکلا نے آصف زرداری کو پیش نہ ہونے کا مشورہ دیا، جس کے بعد ان کی قانونی ٹیم ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوگی۔

دوسری جانب منی لانڈرنگ کیس میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی جگہ ان کے وکلا سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے۔

سپریم کورٹ نے بھی جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپورکو طلب کررکھا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ آصف زرداری کل ذاتی طورپرسپریم کورٹ میں پیش ہونے کے لیے آمادہ ہوگئے تھے لیکن وکلا نے انہیں پیش ہونے سے روک دیا۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ وکلا نےسابق صدر کو عدالت عظمیٰ میں پیش نہ ہونے کا مشورہ دیا ہے اور اب ان کی قانونی ٹیم سپریم کورٹ میں پیش ہوگی۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نیئر بخاری کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ سپریم کورٹ نے آئی جی سندھ کونوٹس بھیجا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو پیش کیا جائے، جب سپریم کورٹ آصف زرداری کو ذاتی حثیت میں طلب کرے گی تو پیش ہوں گے۔

واضح رہے کہ سابق صدراوران کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام سپریم کورٹ کی ہدایت پرای سی ایل  میں ڈلا جاچکا ہے جس کے بعد دونوں کے بیرون ملک جانے پر پابندی ہے۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔