سیاسی میدان میں عوامی امنگوں کی ترجمانی کریں گے:حافظ محمد سعید

 

لاہور:امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ملی مسلم لیگ کو خدمت انسانیت کی بنیاد پر عوامی سطح پر زبردست مقبولیت حاصل ہو رہی ہے،ہر شہر اور علاقہ میں ملی مسلم لیگ کے امیدواران کو بے پناہ محبتیں مل رہی ہیں،ریلیف سرگرمیوں کی طرح سیاسی میدان میں بھی عوامی امنگوں کی ترجمانی کریں گے،یونین کونسل کی سطح پر رفاہی سرگرمیوں کا نیٹ ورک وسیع کیا جائے گا،بیرونی قوتوں کی ملی مسلم لیگ کو سیاست سے باہر کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

این اے 125 اور دیگر انتخابی حلقوں سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئےحافظ سعید نے کہاکہ ملی مسلم لیگ اسلام اور پاکستان کے نام پر ووٹ کا صحیح حق لینے اور استعمال کروانے آئی ہے،ہم لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کئے گئے اس ملک کو مدینے والا پاکستان بنانا چاہتے ہیں،ہم الیکشن میں اس لئے آئے ہیں کہ وطن عزیز پاکستان کی حفاظت کی جائے،ملی مسلم لیگ عوام میں شعور بیدار کرکے اس مملکت خداداد کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کی زبردست تحریک کھڑی کرے گی،ہمارا بنیادی مقصد پاکستان کی عوام کو کلمہ طیبہ لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ کی بنیاد پر اکٹھاکرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملی مسلم لیگ کو چاروں صوبوں میں زبردست عوامی حمایت مل رہی ہے،ہم لوگوں کو مایوسیوں اور اندھیروں سے نکال کر روشنیوں کی طرف لائیں گے،سابق حکمرانوں نے جس طرح عوام سے ووٹ حاصل کر کے نظریہ پاکستان سے بے وفائی کی اور اس ملک کو بھارت کا دست نگر بنانے کی کوشش کی اس پر قوم میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے اور وہ ایسی پالیسیوں سے خوش نہیں ہیں،ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان کے تحت پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر مجتمع کرے گی اور فرقہ واریت، پارٹی بازی اور گروہ بندیوں کا خاتمہ کر کے ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کیا جائے گا۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ مسئلہ کشمیراور پانیوں کا مسئلہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے،افسوسنا ک امر یہ ہے کہ سابقہ حکومتوں نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی اور ملک میں صاف پانی کی فراہمی اور ڈیموں کی تعمیر کے مسئلہ پر کسی قسم کی کوششیں نہیں کی گئیں۔