لاہور:مسلم لیگ (ن)کےصدرشہبازشریف نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)کودیوارسےلگایاجارہاہے، انتظامیہ اور پولیس کو واضح کہنا چاہتا ہوں ظلم و زیادتی روک دیں۔
انہوں نے کہاکہ ذمے دار کان کھول کر سن لیں، وقت ایک سا نہیں رہتا،جب ہماری حکومت آئے گی تو انصاف کے کٹہرے میں لے کر آئیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہاکہ ہمارا کل کا پروگرام پرُامن ہے ، اس کے باوجود کارروائیوں کا مطلب ہے دال میں کچھ تو کالا ہے۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف کا فقید المثال استقبال کیا جائےگا تاہم اس سے قبل راولپنڈی میں سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور کارکنوں کو ایم پی او کے تحت بند کیا گیا اور یہ سب الیکشن کو داغدار کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہاکہ غلط افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ نواز شریف پاکستان نہیں آرہے، کوئی پرواز منسوخ نہیں ہوئِی،نوازشریف اپنی بیٹی کے ہمراہ کل لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے۔
اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھاکہ جیلوں اور قید و بند کی صعوبتوں سے ڈرنے والے نہیں، نواز شریف کا استقبال کرنا آئینی اور قانونی حق ہےاورنواز شریف کے استقبال کے لئے کارکنوں کے ہمراہ کل (13 جولائی کو) ایئرپورٹ پہنچوں گا اور کارکن دوران استقبال سرکاری املاک کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔
پرامن طریقے سے نواز شریف کا استقبال کریں گے
مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے حوالے سے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کارکنوں کی گرفتاریاں الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھا رہی ہیں اور پارٹی صدر کی حیثیت سے کارکنوں کی گرفتاریوں پر خاموش نہیں بیٹھوں گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی گرفتاری کا نوٹس لے۔