نیٹو ممالک کا دفاعی اخراجات میں اضافے کا فیصلہ

برسلز:نیٹو اتحادیوں نے امریکی صدر کی تنقید کے بعد دفاعی اخراجات میں41 بلین ڈالر ا ضافے کا فیصلہ کر لیا ۔اس بات کا اعلان نیٹوسیکریٹری جنرل جان اسٹولٹن برگ نے نیٹو اجلاس کے آخری روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں شریک تمام سربراہان مملکت و حکومت نے امریکی صدر کا دیا گیا پیغام واضح طور پر سنا۔ پہلے یورپ اپنے دفاعی اخراجات میں مسلسل کمی کر رہا تھا،اب اس میں اضافے کا وقت ہے اور ہم اضافہ کر رہے ہیں ۔

سیکریٹری جنرل جان اسٹولٹن برگ کی پریس کانفرنس میں اکثر سوالات میں اس بات کی وضاحت چاہی گئی کہ کیا کوئی ایمر جنسی آرہی ہے کہ جس کیلئے فوری رقم درکار ہے ۔ اس کے جواب میں سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بات نہیں ۔ بلکہ یہ وقت کی ضرورت اور اندرونی برڈن شیئرنگ ہے ۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہارکیا کہ آخر کار نیٹو اتحادی مزید دفاعی اخراجات پر راضی ہو گئے ہیں ۔