نوازشریف اورمریم کی وطن واپسی،لاہور میں سیکورٹی کےسخت انتظامات

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی آمد سے قبل لاہور اور اسلام آباد میں سیکورٹی کے انتہائی سخت کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کی لاہور آمد سے قبل نقص امن کے پیش نظر نگراں حکومت کی جانب سے لاہور اور اسلام آباد میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ لاہور کی مختلف شاہراہوں پر بڑی تعداد میں کنٹینرز بھی رکھ دیئے گئے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علامہ اقبال ایئر پورٹ پہنچ گئی جہاں شام سوا 6 بجے تک نواز شریف کی آمد متوقع ہے جبکہ شہر میں میٹر سروس بھی معطل ہے جس سے عوام کو سفر کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کی آمد کے موقع پر لاہور کے مختلف علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بھی بند ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لیاقت علی ملک کا کہنا ہے کہ ٹریفک پلان پر ریلی سے قبل عمل درآمد کیا جائے گا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے 200 سے زائد وارڈنز فرائض انجام دیں گے۔ مسافروں کو ایئر پورٹ تک پہنچانے کے لئے شٹل سروس فراہم کی جائے گی اور ایئرپورٹ تک صرف فضائی مسافروں کو جانے کی اجازت ہوگی۔
لاہور کے بتی چوک سے رنگ روڈ تک پولیس تعینات ہے جب کہ کنٹینرز بھی پہنچا دیئے گئے، راوی ٹول پلازہ پر قیدیوں کو لے جانے والی پولیس وین بھی پہنچا دی گئی۔ دوسری جانب راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی آفس سکستھ روڈ پر پولیس تعینات کرتے ہوئے قیدیوں کی وین بھی پہنچا دی گئی۔ اسی طرح نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ کارگو اور ایئر لائن کے دفاتر بند کرتے ہوئے اہلکاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کردیا گیا۔
پشاور میں مسلم لیگ (ن) کے کارکن اور رہنما موٹر وے ٹول پلازہ پر جمع ہونا شروع ہوگئے۔ (ن) لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام ریلی کی قیادت کرتے ہوئے لاہور روانہ ہوں گے۔