فیفا ورلڈ کپ کی آڑمیں انسانی اسمگلرز سرگرم ہوگئے

 

ماسکو: روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ کی آڑ میں انسانی اسمگلرز سرگرم ہوگئے، 60 نائجیرئن شہری زبوں حالی کا شکار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق انسانی اسمگلرز نے روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ دیکھنے اور بعد میں ملازمت فراہم کرنے کے جھوٹے دعوے کر کے تقریبا 60 نائجیرئن کولوٹ لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس میں مقیم 60 نائجیرئن اس وقت شدید پریشانی کی زندگی گزار رہے ہیں، کھانے پینے اور دیگر ضروری اشیا سے بھی محروم ہیں۔ ماسکو میں نائجیریا کے سفارت خانے کے باہر تقریباً 60 افراد نے اپنی حکومت سے امداد اور وطن واپسی کے لیے دھرنا بھی دے رکھا ہے، ان کا مطالبہ ہے کہ ان کے وطن واپسی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ان افراد کا کہنا ہےکہ انہیں انسانی اسمگلروں نے فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران روس پہنچایا تھا اور ان سے پرآسائش زندگی گزارنے سمیت بہتر روزگار کے بھی جھوٹے وعدے کیے گئے تھے۔

دوسری جانب انسانی اسمگلروں کے خلاف سرگرم ایک تنظیم کا کہنا ہے کہ ویزا پالیسی میں نقائص کی وجہ سے ان افراد کو انسانی اسمگلروں نے پیسے لے کر فروخت کیا ہے اور ان سے روس میں ملازمتیں دینے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا۔علاوہ ازیں نائجیریا کے روس میں سفارت خانے کی جانب سے جاری کردی بیان میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ افراد کو خوراک فراہم کی جا رہی اور اُن کی واپسی کے امکانات کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔