ایف آئی اے کی انٹرپول سےاسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست

اسلام آباد: ایف آئی اے نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری کرتےہوئے ان کی گرفتاری کے لیے انٹرپول کو درخواست دے دی۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ایف آئی اے نے اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست دے دی ہے، تاہم وارنٹ جاری کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ انٹرپول نے کرنا ہے۔
چیف جسٹس نے پوچھا کہ پاسپورٹ کی منسوخی سے متعلق حکومت نے کیا فیصلہ کیا، اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ پاسپورٹ منسوخی کا معاملہ گزشتہ سماعت پر بھی زیرغور آیا تھا، عدالت نے آبزرویشن دی تھی اگر پاسپورٹ منسوخ کیا تو اسحاق ڈار کو واپس نہ آنے کا بہانہ مل جائے گا، جسٹس سردار اسحاق نے استفسار کیا کہ کیا اسحاق ڈار کے مفرور ہونے کی بنیاد پر جائیداد ضبط کی گئی؟۔
اٹارنی جنرل نے بتایا کہ کیس کے ساتھ ان کی جائیداد بھی منسلک کردی گئی ہے اور نیب ریفرنس کی بنیاد پر ہی انٹرپول سے رابطہ کیا گیا ہے۔ کیس کی سماعت 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کردی گئی۔
واضح رہے کہ اسحا ق ڈار کی طلبی کا اشتہار احتساب عدالت کے نوٹس بورڈ پر لگایا گیا تھا جس میں 10روز میں انہیں پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا تاہم ان کی عدم حاضری پر انہیں اشتہاری قرار دیاگیا اور اب ان کے ریڈ وارنٹ بھی جا ری کر دیئے گئے ہیں ۔