اسلام آباد: چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اسلام آباد کے پولی کلینک اسپتال کا دورہ کیا اور اسپتال میں دستیاب ادویات کے غیر معیاری ہونے پر اظہار برہمی کیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اسلام آباد کے پولی کلینک اسپتال کا دورہ کیا۔
چیف جسٹس کو دیکھ کر اسپتال میں آئے مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیے۔ مریضوں نے ادویات کی عدم دستیابی کی شکایت کی جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کیا۔
چیف جسٹس پولی کلینک میں نامناسب انتظامات پر بھی برہم ہوگئے اور دریافت کیا کہ ادویات کیوں نہیں مل رہیں، کیا اسپتال ایسے چلائے جاتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ مجھے تو بتایا گیا تھا سب ادویات ہیں پھر ادویات کیوں نہیں مل رہیں۔
چیف جسٹس نے اسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کا دورہ بھی کیا اور وہاں پرچی کاؤنٹر کا معائنہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ خدا کا خوف کریں قطاروں کے باوجود ایک پرچی کاؤنٹر ہے۔ مریضوں کو سہولت دینے کے لیے مزید کاؤنٹر قائم کیے جائیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ معلوم ہے پولی کلینک میں کم قیمت ٹیسٹ کی سہولت دستیاب ہے، مریضوں کو مہنگے مہنگے ٹیسٹ باہر سے کروانا پڑتے ہیں، اسپتال میں مہنگے ٹیسٹ کی سہولت کیوں دستیاب نہیں؟
انہوں نے کہا کہ اسپتال میں جو ادویات نہیں وہ مریضوں کو کیوں تجویز کی جاتی ہیں۔