لاہور: صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہاکہ الیکشن سب سے بڑا امتحان ہے،الیکشن کمیشن اور نگران حکومت حالیہ صورتحال کا نوٹس لے اور شفاف الیکشن کرنے کیلئے کوئی اقدام کرے انہوں نے کہاکہ اگر شفاف انتخاب نہیں ہوئے تو تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کریں گے اورانتخابات کے نتائج نہیں مانیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہاکہ جیل میں ٹرائل انصاف کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے،جیل میں ٹرائل تو دہشت گردوں کا ہوتا ہےان کا کہنا تھا کہ 1999 میں پرویز مشرف کی جانب سے جب نواز شریف کے خلاف نام نہاد طیارہ ہائی جیکنگ کا مقدمہ بنایا گیا تو اس وقت بھی ان کا ٹرائل جیل سے باہر کیا گیا تھا۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہاکہ بھارت کی تاریخ رہی ہے کہ پاکستان میں امن و امان خراب کرنے میں ملوث رہا ہے، نواز شریف پر جب بھی بُرا وقت آتا ہے دہشت گردی شروع ہو جاتی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کل نوازشریف کےاستقبال کیلئےلوگ لائےنہیں گئےبلکہ تمام لوگ خودآئےتھےاورہماری ریلی پر امن رہی ایک گملا تک نہیں ٹوٹاپولیس نے ڈنڈے چلا کر لوگوں کو مشتعل کیااورہمارے پرامن کارکنوں پر تشدد کیا گیااورن لیگ کی سینئر قیادت کے خلاف ایف آئی آر کاٹی گئیں، ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات بھی لگائی گئیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے پرامن کارکنوں پرتشد د کرنیوالے ایک دن انصاف کے کٹہرے میں کھڑے ہونگے ۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ملک بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ جلد ہی ملک بھر میں پرامن احتجاج کی کال دوں گاوہ ہمارا احتجاج پرامن احتجاج ہوگااورمسلم لیگ ن کے تمام کارکن سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کریں گے۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ دھرنے کے دوران سرکاری ٹی وی کی عمارت میں توڑ پھوڑ کی گئی، توڑ پھوڑ کے مناظر ٹی وی چینلز پر دکھائے گئے لیکن میڈیا نے ہماری پر امن ریلی کا بائیکاٹ کیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ الزام خان نے ایک بار پھر بہتان تراشی شروع کر دی ہے، عمران خان کی پارٹی میں بد ترین خائن بیٹھے ہیں،عمران خان نے کوئی کام نہیں کیا بلکہ ہم نےجو منصوبے لگائے وہ سب کے سامنے ہیں۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے صدرشہبازشریف کی زیرصدارت ماڈل ٹاؤن میں اجلاس پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا،اجلاس کے شرکانے مستونگ دھماکے کی شدید مذمت کی اور شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن کی گزشتہ روز کی ریلی اور انتخابات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
اس موقع پر صدر مسلم لیگ شہباز شریف نے کہاکہ 13جولائی کامعرکہ اپنے نام کیااب 25جولائی کاالیکشن جیتناہے،ان کا کہناتھا کہ کل کی ریلی اورکارکنان نے دل خوش کردیا۔
اجلاس میںوزیراعظم آزادکشمیر،سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی،ایاز صادق،سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق،سابق وزیر داخلہ احسن اقبال،امیرمقام،سینیٹرسلیم ضیا،مشاہدحسین،ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے شرکت کی۔