مستونگ میں گزشتہ روز بلوچستان عوامی پارٹی کے انتخابی جلسے میں خود کش حملے کے نتیجے میں پی بی حلقہ 35 سے امیدوارسراج رئیسانی سمیت 128 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے کے بعد بلوچستان سمیت ملک بھرکی فضا سوگوارہے۔ صوبائی حکومت نے سانحہ مستونگ پر2 روز کے سوگ کااعلان کیا ہے۔ اہم سرکاری عمارتوں پرقومی پرچم سرنگوں ہے۔
دوسری جانب نگراں وزیراعظم ناصرالملک نے کل بروزاتوارسرکاری طورپرایک روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے ہدایات ملنے پروزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان میں صوبائی حکومت نے یوم سوگ کا اعلان بلوچستان اورخیبرپختونخوا کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کیا ہے۔
سانحہ مستونگ پرقوم کا ہرفرد سوگوارہے۔ بلوچستان کی حکومت نے 2 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، مستونگ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شٹر ڈاون ہڑتال رہی اورکاروباری مراکز بند رہے۔ تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کا ہفتہ کو ہونے والا انتخابی جلسہ بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔
سانحہ مستونگ کے باعث تحریک انصاف نے بھی 17جولائی کوہونے والا جلسہ منسوخ کردیا ہے۔