اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انتخابی عملے سے حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ شروع ہونے سے قبل پریذائیڈنگ افسران ہر ضلع کے ریٹرننگ افسر سے عہدے کا حلف لیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پریذائیڈنگ افسر پولنگ کے باقی عملہ سے حلف لیں گے جبکہ انتخابی عملے کو پولنگ کے وقت سے کم از کم 2 گھنٹے پہلے پولنگ اسٹیشن پر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولنگ عملے کو امیدوار کی جانب سے مالی معاونت یا تحفے کو رشوت تصور کیا جائے گا۔ پولنگ عملے پر فرائض کی ادائیگی کے دوران سیاسی رائے کے اظہار پر بھی پابندی ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ عملہ ایسا لباس یا علامت اختیار نہیں کرے جس سے کسی جماعت سے وابستگی ظاہر ہو اور فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی کے مرتکب عملے کے خلاف الیکشن کمیشن براہ راست کارروائی کرسکے گا۔