لاہور: ایشین گیمز کے لیے ایشین ہاکی فیڈریشن نے ہاکی ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا۔19اگست سے انڈونیشیا میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستانی ہاکی ٹیم پول بی میں شامل ہے جب کہ ملائیشیا،عمان، بنگلہ دیش، تھائی لینڈ اورانڈونیشیا بھی اسی پول میں ہیں۔ اسی طرح پول اے میں بھارت، کوریا، جاپان سری لنکا اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔
پاکستان اپنا پہلا میچ تھائی لینڈ کے خلاف 20 اگست کو کھیلے گا۔ ایونٹ کا فائنل یکم ستمبر کو کھیلا جائے گا۔قومی ہاکی ٹیم نے گزشتہ روز ہی تربیتی کیمپ کا آغاز کردیا تھا اور کھلاڑیوں کو غیر ملکی کوچ رولینٹ اولٹمنز کی نگرانی میں تربیت دینے کا سلسلہ جاری ہے۔کیمپ میں 27 کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے ان میں عمران بٹ، مظہر عباس، امجد علی، محمد عرفان، رانا سہیل ریاض، محمد رضوان، محمد دلبراور محمد فیصل سمیت دیگر شامل ہیں۔تربیتی کیمپ میں تمام کھلاڑیوں کو بھر پور طریقے سے پریکٹس کا موقع دیا جارہا ہے۔