مولانا فضل الرحمان خلیل نے تحریک انصاف کی حمایت کردی

 

اسلام آباد: امریکا کو مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل مولانا فضل الرحمان خلیل نے آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کردیا۔پی ٹی آئی رہنما اسد عمرنےسوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان خلیل نے دیگر علما سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اورآئندہ انتخابات میں عمران خان کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

اسد عمر کی فیس بک پوسٹ میں علمائے کرام کی تصاویر بھی دیکھی جاسکتی ہیں، تاہم میڈیا رپورٹ کے مطابق جب اس بارے میں مولانا خلیل سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے وضاحت کی کہ وہ پی ٹی آئی میں شامل نہیں ہوئے اور نہ ہی تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے صرف این اے 54 پہ اسد عمر کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔مولانا خلیل کے اس بیان کے بعد اسد عمر نے اپنی فیس بک وال پر موجود پوسٹ کو تبدیل کرلیا اور ترمیم شدہ پوسٹ میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر علما نے این اے 54 میں پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان خلیل کو 30ستمبر 2014 کو امریکا کی جانب سے مطلوب عالمی دہشت گردوں کی خصوصی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ جس کی وجہ ماضی میں ان کی قیادت میں بنائی جانی والی تنظیم حرکت المجاہدین میں ان کا کردار بتایا جاتا ہے۔