اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے دعویٰ کیا ہے کہ اقوام متحدہ نے کشمیررپورٹ پر بھارتی الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرمختلف ٹوئٹس کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے بغیرجانچ پڑتال کے رپورٹ کو مسترد کرنا کافی مایوس کن ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال پراقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر او ایچ سی ایچ آر کی جانب سے اٹھائے گئے سنجیدہ نوعیت کے تحفظات کو حل کرنے میں بھارت ناکام ہوگیا ہے۔
دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ او ایچ سی ایچ آرکی جانب سے ہائی کمشنراورظفربنگش کے درمیان کسی بھی طرح کے رابطے کی واضح طور پرتردید کی گئی ہے۔
اپنے ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفترکی کشمیر رپورٹ میں بھارتی سرکاری ذرائع ، بھارتی پارلیمان ، بھارتی سپریم کورٹ اوربھارت کی داخلہ امورکی وزارت کا حوالہ دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ او ایچ سی ایچ آربھارت کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوششوں سے پریشان ہے۔
ترجمان کے مطابق او ایچ سی ایچ آر کا کہنا تھا کہ کشمیررپورٹ مقبوضہ وادئ کے لاکھوں لوگوں کے انسانی حقوق سے متعلق ہے۔
ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ پاکستان کمشنرآف انکوائری (سی او آئی) کے دورے پرخوش آمدید کہتا ہے کیونکہ رپورٹ میں آزاد جموں کشمیر اوربھارت کے زیرانتظام کشمیر کے دورے کی تجویزدی گئی تھی۔