نازیبا الفاظ کا استعمال،آئندہ ایسا نہیں ہوگا،عمران کےوکیل کی یقین دہانی

اسلام آباد: انتخابی مہم کے دوران نازیبا زبان استعمال کرنے کے الزام پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جگہ ان کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوگئے۔
الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ عمران خان کے خلاف از خود نوٹس کی سماعت کی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں یا وکیل کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جگہ ان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔
الیکشن کمیشن میں سماعت کے آغاز پر الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ عبدالغفار سومرو نے وکیل عمران خان کو کہا کہ عمران خان نے بہت نازیبا زبان استعمال کی۔ آپ نے سنا تو ہوگا، آپ ساتھ ہی ہوتے ہیں جس پر بابر اعوان نے کہا کہ جی ہاں میں نے سنا ہے۔
اس موقع پر بابر اعوان نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ویڈیو کلپ کمرہ عدالت میں چلایا اور کہا کہ یہاں ایسے ایسے الفاظ بھی استعمال ہورہے ہیں، نکاح، شادی، گھر والوں کے بارے میں ایسے ایسے لفظ استعمال کئے گئے۔
بابر اعوان نے کہا کہ طالبان خان اور اس سے بھی برے الفاظ استعمال ہو رہے ہیں۔ پی ٹی آئی یہ نہیں کہتی کہ نوٹس نہ دیں جس پر ممبر پنجاب الطاف ابراہیم نے کہا کہ ابھی اور بھی نوٹسز نکل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گدھا تو معمولی لفظ ہے۔ یہاں استاد بھی گدھا کہہ دیتے ہیں جس پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ استاد کی بات اور ہوتی ہے۔
بابر اعوان نے کہا کہ ایک صوبے والا دوسرے صوبے کو کہے کہ ووٹ دینے والا بے غیرت ہے اس موقع پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ احتیاط کریں کہ آئندہ ایسا نہ ہو۔ آپ ایک یقین دہانی کرائیں کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔ انتخابی مہم بھی چل رہی ہے ہم نہیں چاہتے کہ آئندہ ایسا ہو۔ بابر اعوان نے عمران خان کی جانب سے تحریری یقین دہانی کی حامی بھرلی۔