تل ابیب : اسرائیلی پارلیمنٹ نے اسرائیل کو صہیوفی ریاست قراردینے کا متنازع بل منظورکرلیا ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 120 رکنی اسرائیلی پارلیمنٹ میں اسرائیل کو صیہوفی ریاست قرار دینے کے بل کے حق میں 62 اور مخالفت میں 55 ووٹ دیئے گئے جبکہ 3 ارکان نے ووٹ نہیں ڈالے۔
اسرائیلی پارلیمنٹ میں متنازع قانون کی منظوری پراسرائیلی پارلیمنٹ کے عرب ارکان نے شدید احتجاج کیا اوربل کا مسودہ پھاڑتے ہوئے کہا کہ یہ بل نسل پرستی پر مبنی ہے جس میں اقلیتوں کا استحصال کیا گیا ہے۔
اس متنازع قانون کے تحت صرف یہودیوں کو ملک میں خودمختاری کا حق حاصل ہوگا جبکہ بل منظوری سے پہلے عبرانی اورعربی اسرائیل کی سرکاری زبانیں تھیں لیکن اب عربی سرکاری زبان کے بجائے خصوصی اسٹیٹس کی زبان بن جائے گی۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اس موقع پرایوان میں کہا کہ آج صیہونیت اوراسرائیلی ریاست کے لئے تاریخی لمحہ ہے۔ اس قانون کے ذریعے ہم نے اپنے وجود کے بنیادی اصولوں کا تعین کرلیا ہے۔ اسرائیل یہودیوں کی قومی ریاست ہے اوراپنے شہریوں کے تمام حقوق کا احترام کرتی ہے۔