ایم کیو ایم کو خدا حافظ ، طاہرمشہدی مسلم لیگ (ن) میں شامل

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اورسابق سینیٹرکرنل (ر) طاہر مشہدی نے اپنی جماعت کو باضابطہ طورپرخیرباد کہتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

لاہورکے علاقے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے اینٹی رگنگ سسٹم کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں انہوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پرانہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی جدوجہد اور ان کا نظریہ دیکھ کرمیں مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں اور ووٹ کو عزت دو کے نعرے کا مطلب یہی ہے کہ ووٹر کو عزت دی جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مارچ 2018 میں ایم کیوایم کے سابق سینیٹر طاہرمشہدی نے متحدہ پاکستان میں دھڑے بندی اورسیاست کے طریقہ کار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایم کیوایم سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

عوام کے نام کھلے خط میں ان کا کہنا تھا کہ غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے پارٹی میں شامل ہوکرآج اقتدار کے لئے دست و گریبان ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایم کیوایم کی موجودہ قیادت سے متوسط طبقے کی نمائندگی کی توقع نہیں کی جاسکتی اوراقتدار کے لئے دست و گریباں دونوں گروپ خود غرض اورلالچی ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان کا کوئی مستقبل نظرنہیں آرہا بلکہ جماعت کی اب صرف تباہی ہے۔