چمن میں مال روڈ پر زور داردھماکہ ہوا ہے جس کے باعث کئی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیں ۔ دھماکے میں 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کےمطابق دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے نتیجے میں زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 2 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہےکہ دھماکا اس وقت ہوا جب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی علاقے سے گزررہی تھی، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا ریمورٹ کنٹرول سے کیا گیا اوربارودی مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں اورسیکیورٹی فورسز کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے حادثے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کئے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا۔